نئی دہلی،(فرنٹ ایڈیشن ڈیسک) شادی بیاہ کی تقریب ہو یا گھریلو کھانے ہوں نمک کی طرح لازمی اور باورچی خانوں کی زینت سمجھی جانے والی چینی کی قیمتوں نے راتوں رات چھلانگ لگا کر ہر کسی کے باورچی خانےکا بجٹ درہم برہم کردیا۔گزشتہ 15 دنوں میں چینی کی قیمت بڑھ کر 65تا 67روپے فی کلوگرام ہوگئی ہے۔یہی نہیں گڑ کی قیمت میں بھی 40 روپے فی کلو گرام کا اضافہ ہوا ہے۔ چینی اب مختلف بازاروں میں 65 روپے سے 67 روپے فی کلو گرام میں فروخت ہو رہی ہے۔ 15 دن پہلے یہی چینی تقریباً 48 روپے فی کلو گرام تھی۔ قیمتوں میں اس اچانک اضافے نے نہ صرف عام لوگوں پر بلکہ مٹھائی کی دکانوں، حلوائیوں، بیکریوں اور چائے کی دکانوں پر بھی اخراجات بڑھا دیے ہیں۔
تہواروں کا سیزن شروع ہوتے ہی چینی کی مانگ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی ایک بڑی وجہ ایتھنول کی پیداوار کو بھی مانا جاتا ہے۔ ایتھنول کو پیٹرول کے ساتھ ملانے کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ اس کی تیاری کے لیے گنے کے رس اور شربت کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سے چینی کی پیداوار کے لیے دستیاب گنے کی مقدار متاثر ہوئی ہے۔ شوگر ملوں کو گنے کی کم دستیابی نے بھی چینی کی پیداوار کو متاثر کیا ہے۔ تاجروں کے مطابق گنے سے چینی اور ایتھنول کی پیداوار کے درمیان عدم توازن کے اثرات اب مارکیٹ میں نظر آرہے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شوگر ملوں کو گنا نہ پہنچنے کی صورت میں شوگر ملوں میں تاکہ بندی کی نوبت أسکتی ہے جس سے ملوں سے کسی نہ کسی شکل میں وابستہ لاکھوں مل ملازمین و یومیہ و سیزن مزدور بے روزگار ہو سکتے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب پیٹرول میں گنے کا رس ملنے سے لاکھوں کروڑوں کی مالیت کی گاڑیاں کباڑ بن جائیں گی۔
’یہ پوری کی پوری ان پڑھوں کی حکومت ہے‘
وہیں دوسری طرف محض17 دنوں میں چینی کی قیمت میں 19 روپےکے اضافہ کے بعد اب اپوزیشن نے حکومت کی گھیرا بندی کرنی شروع کر دی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے مرکزی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کیجریوال نے چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے ایک ٹویٹ کیا ہے۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے لکھا، "یہ پوری کی پوری ان پڑھوں کی حکومت ہے۔ کسی کو کچھ معلوم نہیں کہ کیا کرنے سے کیا ہوگا۔”انہوں نے مزید لکھا، "تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والی غیر ملکی کرنسی کو بچانے کے لیے گنے سے ایتھنول بنانا شروع کیا گیا۔ نتیجتاً چینی کی کمی ہوگئی۔ اب اسی غیر ملکی کرنسی سے چینی درآمد کی جائے گی۔”
پٹرول میں ایتھنول ملانے سے چینی 67اور گڑ100روپے فی کلو گرام ہو گیا














Leave a Reply