نئی دہلی (ایجنسی /ایف ای نیوز) نیپال میں شدید سیلاب کے باعث پھنسے 105 ہندوستانی شہری بحفاظت اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئے۔ تمام مسافر ناگپور کے رہنے والے تھے۔ ذرائع کے مطابق، اتوار کی صبح تقریباً 5 بجے یہ تمام افراد پٹنہ-پورنا ایکسپریس کے ذریعے ناگپور ریلوے اسٹیشن پہنچے، جہاں اہل خانہ اور دوستوں نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ شدید سیلاب کے درمیان کئی دن پھنسے رہنے کے بعد وطن واپس پہنچنے کی خوشی ان کے چہروں پر نمایاں تھی۔ مسافروں نے بحفاظت ہندوستان واپسی میں مدد کرنے پر وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب نیپال میں پھنسے تمل ناڈو کے شہریوں کو بھی بحفاظت ہندوستان واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ریاستی وزیر راج موہن کے مطابق نیپال میں پھنسے تمل ناڈو کے 319 افراد میں سے 219 کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جن کے 31 اگست تک ہندوستان پہنچنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی 100 افراد کی تلاش جاری ہے۔تمل ناڈو حکومت اس سلسلے میں مرکزی حکومت کے مسلسل رابطے میں ہے اور نیپال میں پھنسے دیگر شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ادھر 26 زائرین کا ایک گروپ بھی نیپال میں اچانک آنے والے سیلاب سے بچ کر بحفاظت واپس آ گیا ہے۔ ایک زائر گاڈو الیوینی نے بتایا کہ وہ گزشتہ جمعہ کو باگڈوگرا ایئرپورٹ سے کاٹھمنڈو پہنچے تھے۔ ویزا ملنے میں تقریباً تین دن کی تاخیر ہوئی، جس کے باعث وہ کافی پریشان تھے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات ویزا ملنے کے بعد آندھرا پردیش سے آئے 26 افراد اور مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے 28 افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، لیکن اگلی ہی صبح انہیں نیپال میں اچانک آنے والی قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا۔
نیپال میں پھنسے 105 ہندوستانی شہری بحفاظت ناگپور واپس پہنچ گئے














Leave a Reply