Advertisement

مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی:عسکری اتحاد

یہ اقدام سرخ لکیر ہے،سخت اقدامات کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے:میجر جنرل ترکی المالکی

جدہ : (ایجنسی /ایف ای نیوز) یمن کے تحفظ کے لیے تشکیل دیے گئے عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں نے مقدس شہر مکہ مکرمہ کو نشانہ بناکر ایک ڈرون حملہ کیا جسے ’سعودی عرب کی فضائی دفاعی فوج نے اسے مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک کر تباہ کر دیا۔روزنامہ عرب نیوز کے مطابق اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بدھ کی صبح ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام سرخ لکیر(ریڈ لائن) ہے۔ ضروری اور سخت اقدامات کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔مکہ اسلام کا مقدس ترین مقام ہے اور ایران کے حمایت یافتہ گروپ کے اس اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے کا امکان ہے۔ترجمان کا کہنا ہے یہ کوشش دہشت گرد حوثی ملیشیا کی خلاف ورزیوں کے ریکارڈ میں ایک سیاہ دھبہ رہے گی۔ اسے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کی ایک دانستہ کارروائی سمجھا جا رہا ہے۔اس اقدام کو صرف ایک شرمناک عمل قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وحی کے مرکز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ،یہ وہ مقام ہے جو دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے دلوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔ اس سے حرمین شریفین کے مہمانوں، شہریوں اور مقیمین کو خوفزدہ کرنے اور نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔عرب نیوز کے مطابق اس گروپ کی جانب سے شہر کے اطراف داغے گئے میزائل کو مار گرائے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اتحادی فورسز کے مطابق 2017 میں بھی سعودی فضائی دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ کی سمت داغے جانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو انٹرسیپٹ کیا تھا۔یہ میزائل طائف کے علاقے الوصلیہ کے اوپر مار گرایا گیا تھا۔ اس واقعے میں کسی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ ایران کے حمایت یافتہ اس گروپ نے پیر کو خمیس مشیط، ابھا اور طائف کے شہری علاقوں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا تھا۔ ان حملوں میں 13 شہری زخمی ہوئے جبکہ سات مکانات اور دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے