نئی دہلی (ایجنسی /ایف ای نیوز )لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے یو پی آئی (UPI) ادائیگیوں پر چارجز عائد کرنے کے فیصلے پر ایک بار پھر مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم مودی اس فیصلے کو واپس لیں۔ بدھ کے روز انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے "جھکنے” اور امریکہ کو بھاری رقم سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں، راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی سے اپیل کی کہ وہ "امریکہ کے سامنے جھکنا چھوڑ دیں، کچھ ہمت دکھائیں، ڈٹ کر کھڑے ہوں” اور "یو پی آئی ٹیکس” کو واپس لیں۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت نے منگل کو اعلان کیا کہ 15 اکتوبر سے، مرچنٹس (تاجروں) کو کی جانے والی 2,000 روپے سے زائد کی یو پی آئی ادائیگیوں پر 0.4 فیصد چارج لاگو ہوگا، جبکہ افراد کے درمیان لین دین اور چھوٹی ادائیگیاں چارجز سے مستثنیٰ رہیں گی۔راہل گاندھی نے کہا، "(سابق وزیر اعظم) اندرا (گاندھی) جی سے ایک بار پوچھا گیا تھا کہ آیا وہ بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھتی ہیں یا دائیں بازو کی طرف ،ان کا جواب تھا، میں نہ بائیں جھکتی ہوں اور نہ دائیں، میں سیدھی کھڑی رہتی ہوں۔مودی جی کا انداز بالکل مختلف ہے، وہ نہ بائیں ہیں اور نہ دائیں—انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے لیٹ جانے اور سجدہ ریز ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔”کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے ویڈیو میں کہا، "یو پی آئی پر ٹیکس لگا کر اور امریکہ کو بھاری رقم سونپ کر، انہوں نے (وزیر اعظم مودی نے) درحقیقت ہر ہندوستانی پر ٹیکس عائد کر دیا ہے…”
’امریکہ کے سامنے جھکنا بند کریں ،UPI ٹیکس واپس لیں‘،راہل گاندھی کا وزیراعظم مودی پر نشانہ















Leave a Reply