Advertisement

ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان نے پاکستان کو 61 رنز سے ہرایا

کولمبو/نئی دہلی ،(اسپورٹس ڈیسک) ہندوستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیگ میچ میں روایتی حریف پاکستان کو 61 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھا۔ پاکستان کے چار ٹاپ بلے باز اننگزکے مقررہ اووروں کا ایک چوتھائی مکمل ہونے سے پہلے ہی آؤٹ ہو گئے۔ پاکستانی اننگز کی تباہی کا آغاز اس وقت ہوا جب پانڈیا نے فرحان کو جسپریت بمراہ نے صائم ایوب اور کپتان سلمان آغا کو اور اکشر پٹیل نے خطرناک بلے باز بابر اعظم کو کلین بولڈ کیا۔ چاروں بلے باز ڈبل فیگر میں پہنچے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ عثمان اور نواز نے اسکور کو 73 تک پہنچایا لیکن نواز کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بلے بازوں نے ’’تو چل میں أیا کی گردان‘‘ کرتے ہوئے 114 رنز پر آخری وکٹ گرا کر ہندوستان کو 61 رنز سے فتح دلادی۔ ہاردک، بمراہ، پٹیل اور چکرورتی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ عثمان نے 43 اور شاہین نے 23 رنز بنائے۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے روایتی مصافحہ کے بغیر ٹاس کیا جو پاکستان نے جیتا اور ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے ایشان کشن نے 40 گیندوں پر 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 77 رنز بنائے۔ کپتان سوریہ کمار یادیو نے 32 رنز بنائے۔صائم ایوب نے چار اوورز میں 25 رنز دے کر تین ہندوستانی بلے بازوں کو پویلین واپس بھیجا۔ پاکستان نے آخری اوورز میں اچھی واپسی کی۔ پاکستان کے مشہور اسپنر عثمان طارق نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ عثمان طارق نے کپتان سوریہ کمار یادیو کو آؤٹ کیا۔ 15واں اوور بہت دلچسپ تھا کیونکہ صائم ایوب ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچ چکے تھے۔ اس اوور کی دوسری گیند پر صائم نے تلک کی وکٹ لی اور تیسری گیند پر انہوں نے ہاردک پانڈیا کو کھاتہ کھولنے کا موقع دیے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا۔ لیکن شیوم دوبے نے 15ویں اوور کی چوتھی گیند کا دفاع کرتے ہوئے صائم ایوب کو اپنی ہیٹ ٹرک مکمل نہیں ہونے دی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے