نئی دہلی (ایجنسیاں/ایف ای بی ) مغربی بنگال میں انتخابی نتائج کے بعد تشدد کی لہر بدستور جاری ہے اور اب ایک اور جان لے لی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکاری کے پی ایس او چندر ناتھ رتھ کو شمالی 24 پرگنہ کے مدھیا گرام میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس واقعہ سے نہ صرف علاقے میں دہشت پھیل گئی ہے بلکہ ریاست میں امن وقانون کی صورتحال پر بھی سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ چندر ناتھ رتھ بدھ کی رات اپنی کار میں سفر کر رہے تھے کہ حملہ آوروں نے ان کا پیچھا کیا۔ جیسے ہی وہ دوہریا کے علاقے میں پہنچے، موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کردی۔ مقامی ذرائع کے مطابق تقریباً چار راؤنڈ گولیاں چلائی گئیں جن میں سے تین براہ راست اس کے سر میں لگیں۔ شدید زخمی چندر ناتھ کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹر اسے بچانے میں ناکام رہے۔اس سنسنی خیز قتل کے بعد پورے مدھیا گرام علاقے میں خوف اور کشیدگی کا ماحول ہے۔ جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس آس پاس کے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے اور حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے۔
سیاسی الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا ہے۔ بی جے پی نے اس قتل کے لیے براہ راست ترنمول کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ پارٹی کا الزام ہے کہ انتخابی نتائج کے بعد بی جے پی کارکنوں اور لیڈروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دوسری طرف ترنمول کانگریس نے ان الزامات کو سیاست سے محرک قرار دیتے ہوئے واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔
انتخابات کے بعد ریاست میں تشدد کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ تشدد، آتش زنی، توڑ پھوڑ اور مارپیٹ کے تقریباً 200 مقدمات اب تک درج کیے جا چکے ہیں۔ پولیس نے 433 افراد کو گرفتار کیا ہے، اور 1,100 سے زیادہ کو احتیاطی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ اس کے باوجود صورتحال پوری طرح قابو میں نظر نہیں آتی۔صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے تشدد اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ مزید برآں، ریاست کے چیف سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، کولکتہ پولس کمشنر، سینٹرل فورسز کے ڈائریکٹر جنرل، تمام ضلع مجسٹریٹس اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو گشت اور نگرانی بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے۔سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا بنگال میں انتخابات کے بعد تشدد پر قابو پایا جائے گا؟ کیا مجرموں کو سزا ملے گی؟ اور یہ خونریزی کا سلسلہ آخر کب ختم ہوگا؟
بی جے پی لیڈر سویندوادھیکاری کے پی اے کا گولی مار کر قتل، ترنمول پر پھوڑا قتل کا ٹھیکرا
















Leave a Reply