Advertisement

دہلی فسادات 2020: سابق کونسلر طاہرحسین و چاردیگرقتل اور فساد کےمجرم قرار

نئی دہلی(ایجنسیاں/ایف ای بی) دہلی کی ککڑڈوما کورٹ نے آئی بی اہلکار انکیت شرما کے قتل کیس میں اپنا فیصلہ سنایا ہے۔ پیر کو عدالت نے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سابق کونسلر طاہر حسین اور چار دیگر کو قتل کا مجرم قرار دیا، جبکہ چھ دیگر ملزمان کو بری کر دیا۔ عدالت نے طاہر حسین کو دشمنی کو فروغ دینے، فسادات، حملہ، مجرمانہ طاقت کا استعمال، اور قتل سمیت الزامات کا مجرم پایا۔ تاہم، ان کے خلاف مجرمانہ سازش کا الزام خارج کر دیا گیا ۔انکت شرما قتل کیس میں عدالت نے ناظم، کاشم، انس، جاوید، اور طاہر حسین کو قتل، اغوا، دشمنی کو فروغ دینے اور فسادات کا مجرم قرار دیا۔ ملزمین پر فسادات، مہلک ہتھیاروں سے فساد، گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے، قتل اور مجرمانہ سازش سے متعلق تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعات کے تحت الزامات عائد کیے گئے تھے۔یہ معاملہ انکت شرما کے والد رویندر کمار کی شکایت کی بنیاد پر دیال پور پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر سے منسلک ہے۔ رویندر کمار نے اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ ان کے بیٹے کا قتل اس وقت کے اے اے پی کونسلر طاہر حسین اور دیگر نے کیا تھا۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ یہ لوگ مبینہ طور پر حسین کے دفتر میں جمع ہوئے تھے اور قتل کے بعد انکت کی لاش کو ٹھکانے لگا دیا تھا۔طاہر حسین کو قتل کیس کے سلسلے میں نام سامنے آنے کے بعد عام آدمی پارٹی نے معطل کر دیا تھا۔ دہلی کی ایک عدالت نے 24 مارچ 2023 کو طاہر حسین اور 10 دیگر کے خلاف الزامات طے کیے۔واضح ہو کہ فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات کے دوران انکیت شرما، انٹیلی جنس بیورو (IB) کے ساتھ ایک سیکورٹی اسسٹنٹ کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ انکیت شرما 25 فروری 2020 کو کام سے گھر واپس آیا تھا، اور اس کے بعد دوبارہ باہر نکل گیا۔ کافی دیر تک واپس نہ آنے پر اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی۔ تب ہی مقامی لوگوں نے انہیں اطلاع دی کہ ان کے بیٹے کو قتل کر کے اس کی لاش چاند باغ پلیا علاقے میں ایک مسجد کے قریب کھجوری خاص نالے میں پھینک دی گئی ہے۔ انکت شرما کی لاش بعد میں نالے سے برآمد ہوئی۔ یہ واقعہ اس فرقہ وارانہ تشدد کے دوران پیش آیا جو فروری 2020 میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہروں کے درمیان شمال مشرقی دہلی میں پھوٹ پڑا تھا۔ فسادات میں تریپن افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، اور کئی زخمی ہوئے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے