عمارت میں 100 سے زائد شہری موجود تھے جن میں تقریباً 50 بچے بھی شامل تھے
غزہ : (ایجنسی /ایف ای نیوز)غزہ شہر کے مغربی علاقے میں ایک خستہ حال رہائشی عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔ العربیہ اردو نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے حوالے سے خبر شائع کی ہے جس میں غزہ کی شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بدھ کو بتایا کہ السعادہ عمارت کے منہدم ہونے کے بعد ملبے سے 16 زخمیوں کو نکالا جاچکا ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔محمود بصل کے مطابق لاپتا افراد کے اہل خانہ کی جانب سے دی گئی معلومات کے تحت عمارت میں 100 سے زائد شہری موجود تھے، جن میں تقریباً 50 بچے بھی شامل تھے۔ ان میں سے درجنوں افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنگ کے دوران عمارت کو متعدد مرتبہ اسرائیلی فضائی حملوں سے نقصان پہنچا تھا، جس کے باعث اس میں دراڑیں پڑ گئی تھیں۔ بصل کے مطابق عمارت کی تمام منزلیں 2024 میں کئی مرتبہ اسرائیلی فضائی حملوں اور گزشتہ سال مارچ میں ہونے والی بمباری سے متاثر ہوئی تھیں، جس کے نتیجے میں رہائشی اپارٹمنٹس کو شدید نقصان پہنچا تھا۔امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حکام نے ملبے تلے دبے مزید افراد کے بارے میں خدشات ظاہر کیے ہیں۔













Leave a Reply