بارود سے بھری گاڑی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرانے کے بعد دھماکا، مسجد کا بیرونی حصہ اور دیوار منہدم، متعدد پولیس اہلکار بھی جاں بحق
نئی دہلی/اسلام آباد :(ایجنسی/ ایف ای نیوز )پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے زوردار دھماکے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں بڑی تعداد پولیس اہلکاروں کی ہے۔پولیس کے مطابق دھماکا اولڈ پولیس لائنز کے احاطے میں واقع مسجد کے قریب ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں مسجد کا بیرونی حصہ شدید متاثر ہوا، ایک دیوار منہدم ہوگئی جبکہ جائے وقوعہ پر گہرا گڑھا بھی پڑ گیا۔خیبر پختونخوا کے آئی جی پولیس ذوالفقار حمید کے مطابق بارود سے بھری ایک گاڑی اولڈ پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا اور فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ فائرنگ کے دوران اسپیشل برانچ کی عمارت کے قریب ایک اور خودکش دھماکا بھی ہوا۔پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کی۔ حکام کے مطابق متعدد مسلح حملہ آور پولیس لائنز کے احاطے میں داخل ہوئے تھے، جن میں سے کئی کو ہلاک کردیا گیا۔دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے کارروائی شروع کردی اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ حکام کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کوہاٹ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور اسپتالوں میں تمام ضروری سہولتوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن مکمل کیا۔














Leave a Reply