Advertisement

فلپائن میں مسافر کشتی غرقاب ، 15 ہلاک، درجنوں لاپتہ ،سینکڑوں افراد کو بچایا گیا

منیلا:(ایجنسیاں) فلپائن میں ایک مسافر بردار کشتی کے حادثے میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں مسافر تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ العربیہ اردو میں شائع رائٹرز کی خبر کے مطابق کوسٹ گارڈ حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔زیمبونگا سے روان ہونے والی کشتی ایم وی ٹریشا کرسٹن صوبہ سولو کے علاقے جولو کی جانب جا رہی تھی۔ کوسٹ گارڈ کے مطابق 352 افراد کی گنجائش رکھنے والی اس کشتی میں 332 مسافر اور عملے کے 27 افراد سوار تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 316 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔جنوبی منڈاناؤ میں تعینات کوسٹ گارڈ کمانڈر رومیل دعا نے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے وقت سمندر نسبتاً پرسکون تھا، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں آسانی رہی۔ ان کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن کے لیے فوجی طیارے اور کشتیاں بھی روانہ کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب صوبہ بیسلان کے گورنر میوجیو ہاتامن نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اسیبیلا پورٹ کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں بچائے گئے مسافروں کو کشتیوں سے اترتے اور بعض زخمیوں کو اسٹریچر پر منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ گورنر نے ڈی زیڈ بی بی ریڈیو سے گفتگو میں بتایا کہ بیشتر بچائے گئے مسافروں کی حالت تسلی بخش ہے، تاہم چند بزرگ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ لاپتہ مسافروں کی تلاش کا عمل بدستور جاری ہے۔واضح رہے کہ سات ہزار سے زائد جزیروں پر مشتمل فلپائن میں ہر سال کشتیوں کے حادثات میں سینکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ سمندری سفر میں حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ملک کا ریکارڈ بھی غیر تسلی بخش رہا ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے