Advertisement

علم کا اللہ کے نام سےکمزور رشتہ دنیا میں اصل فساد وبگاڑ کی وجہ : سید سعادت اللہ حسینی

نئی دہلی : (ایف ای بی)دنیا میں علم ، لیڈرشپ و امامت کا آپس میں خاص تعلق ہے ۔اللہ تعالیٰ اس دنیا کی لیڈر شپ انہی لوگوں کو دیتا ہے جو علم سے آراستہ ہوتے ہیں، جن کے پاس نالج ہوتی ہے ۔تحریک اسلامی کا بھی یہی مقصد ہے کہ اسلام کو امامت کے مقام تک لے کر جائیں،اسے دنیا کی ڈرائیونگ سیٹ پر لے کر جائیں ۔اس مقام کے لئے ضروری ہے کہ امت مسلمہ علم سے آراستہ ہو ۔ وہ علم کی طاقت سے لیس ہو کیونکہ علم ہی طاقت ہے اور اسی کے ذریعہ آپ دنیا پر اثرانداز ہو سکتے ہیں،دنیا کو راستہ دکھا سکتے ہیں اور دنیا کو لیڈر شپ فراہم کر سکتے ہیں ۔قومیں اس وقت ہی آگے بڑھتی ہیں جب ان کے سامنے خاص قومی مقصد ہوتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے اسلامک سینٹر ،شاہین باغ،اوکھلا میں بچوں کے لئے نو تیار شدہ ریڈنگ روم کے افتتاح کے موقع پرگزشتہ اتوارکے روز اپنے ایک خطاب میں کیا۔ انہوں نے علم اوراللہ کے نام سے رشتہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ علم جو امات کے مقام تک لے کر جاتا ہے ، وہ محض ڈگریوں کا نام نہیں ہے ،یہ علم طاقت ور نہیں ہے ، علم طاقت اس وقت بنتا ہے جب اس کی شرائط پوری ہوں ۔اور اس کی شرط ہے کہ اس کا تعلق اللہ کے نام سے جوڑا جائے۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے علم کا رشتہ دین کے ساتھ استوار و قائم ہونا ضروری ہے۔ اسی لئے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم محمدمصطفیٰ پر اتری سب سے پہلی وحی کا مطلب علم اور اللہ کے درمیان کے تعلق کا پیغام دینا ہے ،کہ پڑھو، اپنے رب کے نام سے جس نےپیدا کیا۔اس لئے علم اور اپنے رب کائینات اللہ کے نام کے ساتھ تعلق ہی پہلی وحی کااصل پیغام ہے ۔آج دنیا کا سب سے بڑا بحران یہی ہے کہ علم میں اور اللہ کے نام میں جو رشتہ ہے وہ منقطع ہوگیا ہے ۔جولوگ اللہ کا نام لیتے ہیں وہ صرف اللہ کا نام تو لے رہے ہیں ،لیکن علم کے بغیر ہے،اس لئے دنیا کی لیڈر شپ ان کے ہاتھ سے چھن گئی۔اور علم و فنون سے جن کا تعلق ہے وہ اللہ کا نام لینا بھول گئے ہیں۔لہذا علم تو ہے لیکن یہ علم دنیا کی تباہی کا ذریعہ بن گیا ہے۔ ایسا علم سے توازن بگڑ تا ہے ۔معاشی اور سماجی سطح پرتفریق بڑھتی ہے ،ماحول بگڑتا ہے ، دنیا کا نظام بگڑ جاتا ہے۔اس لئے علم کی اللہ کے نام سے دوری ہی دنیا کا آج اصل فساد ہے۔اس لئے جب ہمارا علم اللہ کے نام کے ساتھ جڑے گا تو وہ ہماری طاقت بنے گا۔اس لئے اس اسٹڈی سینٹر کے قیام کا مقصد بھی یہ ہے کہ ہم دین اور دنیا دونوں کی تعلیم کی تیاری یہاں کریں اور پر سکون ماحول میں مطالعہ کر سکیں۔ انہوں نے اس حوالے سے زور دے کر کہا کہ اس کی اور بھی کئی شرائط ہیں،جن پر عمل ضروری ہے۔اور علم کو ہم اپنی عملی زندگی میں اپنائیں۔اس موقع پر شاہین باغ میں بچوں کے مطالعہ لئے ایک اسٹڈی سینٹر کا افتتا ح کیا گیا ۔اس ریڈنگ روم کا افتتاح امیر جماعت اسلامی ہندکے ہاتھوں عمل میں آیا.اس موقع پر علاقہ کی معزز شخصیات موجود رہیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے