جمعیۃ علماء ہند کی مجلسِ منتظمہ کے اجلاس میں اعلامیہ منظور، ملک میں مذہبی منافرت، اسلاموفوبیا، ماب لنچنگ اور بلڈوزر کارروائیوں پر سخت تشویش، وقف املاک کے تحفظ، فلسطین میں جنگ بندی اور قومی یکجہتی کےتعلق سے کئی اہم فیصلے
نئی دہلی، (پریس ریلیز/ایف ای نیوز) جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے کہا ہے کہ جو لوگ مسلمانوں کو اپنے ہی وطن میں غیر اور دوسرے درجے کا شہری بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں، وہ دراصل ملک کے دشمن ہیں۔ مسلمان اس ملک میں کسی کے رحم و کرم اور کسی فرقہ پرست ٹولے کے احسان کے نتیجے میں نہیں رہ رہے ہیں، بلکہ اس ملک کی آزادی میں ان کے اسلاف کی عظیم قربانیاں شامل ہیں۔ ان کی قبریں اس سرزمین کے سینے پر آج بھی اس تاریخی حقیقت کی گواہ ہیں۔انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہم نے اس ملک کو آزاد کرانے کے لیے اپنا سب کچھ نچھاور کیا ہے، اس لیے ہمیں اپنے ہی وطن میں اجنبی یا دوسرے درجے کا شہری بنانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی۔
مولانا مدنی آج جمعیۃ علماء ہند کی مجلسِ منتظمہ کے دو روزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جو 30 اور 31 اکتوبر کو ڈی ایل ڈی اسپرنگ فیلڈ، پیپا کا، نوح، میوات، ہریانہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورت حال، اسلاموفوبیا، یوسی سی ، وقف املاک، عالم اسلام وفلسطین اور جمعیۃ کے تنظیمی و تعمیری پروگراموں وغیرہ پر تفصیلی غور و خوض کے بعد اہم تجاویز منظور کی گئیں۔ اس اجلاس میںمہتمم دارالعلوم دیوبند مولانا ابوالقاسم نعمانی ، نائب صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمد سلمان بجنوری، صدرمجلس قائمہ جمعیۃعلماء ہند مولانا رحمت اللہ میر کشمیری، نائب امیر الہند مولانا محمد سلمان منصورپوری سمیت کئی اہم شخصیات کا خطاب ہوا۔ ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے سابقہ کارروائی کی خواندگی ، سکریٹری پورٹ اور کلمات تشکر بھی پیش کئے۔ اس موقع پر ایک اعلامیہ بھی پیش ہواجس میں واضح طور پر کہا گیا کہ جمعیۃ علماء ہند ہمیشہ قومی اتحاد اور باہمی احترام کی علم بردار رہی ہے۔ وہ ہر طرح کی فرقہ پرستی کو ملک کے لیے نقصان دہ سمجھتی ہے اور اسے مذہب کے نام پر ملک کو تقسیم کرنا نہ کل قابلِ قبول تھا، نہ آج ہے اور نہ آئندہ ہوگا ۔ جمعیۃ ملک کے ہر مظلوم، محروم اور کمزور طبقے کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے اور کسانوں، طلبہ، دلتوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ کھڑے رہنے کا عہد کرتی ہے ۔ یہ بھی کہا گیا کہ ہماری نئی نسل مایوسی اور خوف کے بجائے شجاعت، حوصلے اور ثابت قدمی کی وارث بنے۔ وہ حکمت و جرأت کے ساتھ ظلم کا مقابلہ کرے اور حق و انصاف کے لیے ہمیشہ ڈٹی رہے۔
موجودہ حالات کے حوالے سے مولانا محمود مدنی نےکہا کہ آج ملک ایک ایسے نازک دور سے گزر رہا ہے جب اس کی جمہوری روح اور آئینی اقدار کو کمزور کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ نفرت اور تفریق کی فضا صرف مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے دستوری حقوق ہی کو نشانہ نہیں بنا رہی بلکہ دلتوں، محروم طبقات اور قانون کی حکمرانی کے پورے نظام کو متاثر کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج یہ سوال شدت کے ساتھ سامنے آ رہا ہے کہ کیا بھارت میں مسلمان ہونا جرم بنا دیا گیا ہے؟ نفرت انگیز بیان بازی کو اب محض انتخابی سیاست کا وقتی حربہ سمجھنا درست نہیں، بلکہ ملک کو ایک ایسی نظریاتی کشمکش کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جس کی بنیاد مذہبی تفریق پر ہے۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ ایک مخصوص طبقے کے خلاف ظلم اور ناانصافی کو بعض حلقوں میں قومی فخر کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران نفرت انگیز تقریروں اور بیانات کے 1600 سے زائد مصدقہ واقعات اور ان میں سے 87 فیصد معاملات میں ایف آئی آر درج نہ ہونے کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ صورت حال قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری اور انصاف کی فراہمی کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کرتی ہے۔
بلڈوزر کارروائی کو آئین، قانون اور عدلیہ کے وقار پر حملہ کے حوالے سے نام نہاد بلڈوزر جسٹس پر سخت تنقید کرتے ہوئے مولانا مدنی نے کہا کہ انتظامیہ عدلیہ کے اختیارات میں مداخلت کرتے ہوئے خود ہی جج اور خود ہی جلاد بننے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈوزر کسی اینٹ گارے کی عمارت پر نہیں چلتا، وہ ملک کے کانسٹی ٹیوشن، رول آف لا اور عدالتی وقار کے سینے پر چلتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی شہری کے گھر یا جائیداد کو عدالتی عمل اور قانونی تقاضوں کو نظر انداز کرکے منہدم کرنا صرف ایک عمارت کو نقصان پہنچانا نہیں، بلکہ آئین اور انصاف کے بنیادی اصولوں کو پامال کرنا ہے۔مولانا مدنی نے اکثریت کو خطرے میں بتانے والے بیانیے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب ملک غلام تھا، اس وقت اکثریت کو کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا، لیکن جب ملک آزاد ہوا اور سیکولر آئین نافذ ہوا تو اچانک اکثریت کے خطرے میں ہونے کا پروپیگنڈا شروع ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ حقیقت میں یہ اکثریت کا خطرہ نہیں بلکہ کرسی اور اقتدار کی ہوس ہے۔ جب حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے، کسانوں کے مسائل حل کرنے اور معیشت کو بہتر بنانے میں ناکام ہوتی ہے تو عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانے کے لیے دراندازی، گھس پیٹھیے اور آبادی جہاد جیسے بیانیے گھڑے جاتے ہیں۔
انہوں نے جمعیۃ علماء ہند کے شعبہ جسٹس اینڈ امپاورمنٹ فار مائناریٹیز (JEM) کی تیار شدہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ نے پارلیمنٹ میں تحریری طور پر تسلیم کیا ہے کہ حکومت کے پاس غیر قانونی دراندازی سے متعلق کوئی مستند ڈیٹا موجود نہیں ہے۔ اس کے باوجود مسلمانوں کے خلاف آبادیاتی خوف کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں یہ صاف کردینا چاہتا ہوں کہ ہم کسی بھی غیر ملکی کے ہندستان میں رہنے کے حامی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ شکایتیں چھوڑ کر میدانِ عمل میں اترنے کی ضرورت ہے۔
مولانا مدنی نے جمعیۃ کے ذمہ داران اور کارکنان کو عملی جدوجہد کا پیغام دیتے ہوئے کہا’’رونا دھونا اور شکوے شکایتیں بند کریں! مردِ میدان بن کر کھڑے ہو جائیں!‘‘انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں حالات کا شکوہ نہیں کرتیں بلکہ اپنے عزم اور عمل سے تاریخ کا رخ بدلتی ہیں۔ ہمیں مایوسی، خوف اور بزدلی سے نکل کر بہادری، شجاعت، حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔مولانا مدنی نے حضرت شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنیؒ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اکابر نے بار بار یہ سبق دیا کہ دین کی سربلندی محض نعروں، تقریروں اور دعووں سے نہیں بلکہ اپنی زندگی کو دین کے مطابق ڈھالنے سے حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے حضرت شیخ الاسلام کے اس بنیادی پیغام کو یاد دلایا کہ اسلام کی حفاظت کا دعویٰ کرنے والوں کو پہلے اپنے اندر اسلام کو سمو لینا چاہیے۔ عمل سے گریز اور زبان سے بڑے بڑے دعوے کرنا درست طرزِ عمل نہیں ہے۔انہوں نے تنظیمی اختلافات کے حوالے سے کہا کہ اختلافِ رائے ایک فطری امر ہے، اسے مخالفت سمجھ لینا قیادت کی کمزوری ہے۔ ہر شخص کی رائے اور تجربہ یکساں نہیں ہو سکتا۔ ہمیں اختلاف کرنے والوں کی بات سننے، ان کے دلائل پر غور کرنے اور درست بات قبول کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا ہوگا۔ مجلسِ منتظمہ میں آج کئی تجاویز منظور کی گئیں۔














Leave a Reply