نئی دہلی (سید مجاہد حسین/ایف ای نیوز)آج 16 اکتوبر کو دہلی کے کناٹ پلیس میں واقع سینٹرل پارک میں کاکروچ جنتا پارٹی کی اپیل پر قومی ترنگا لہرانے کے لیے ہزاروں لوگ جمع ہوئے۔ ’لہرا دو ترنگا‘ کی اس مہم میں کاکروچ جنتا پارٹی، ایس ایف آئی، اے آئی ایس اے اور دیگر طلبہ تنظیموں کے طلبہ و رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عام شہریوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور سی پی آئی (ایم) کے کارکنوں نے بھی اس موقع پر ترنگا لہرانے کے لیے کناٹ پلیس پہنچ کر تحریک میں حصہ لیا۔ کناٹ پلیس، جسے دہلی کا دل کہا جاتا ہے، آج سخت سیکیورٹی کے پہرےمیں تھا۔ ہر چپہ چپہ پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کمپنیاں تعینات تھیں۔ حکومت نے کناٹ پلیس کے سینٹرل پارک کو این ڈی ایم سی کی جانب سے 16 اور 17 اکتوبر کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم اس کے باوجود ہزاروں لوگ ترنگا لہرانے کے لیے وہاں پہنچے۔
اس دوران کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے کو سینٹرل پارک پہنچنے سے قبل ان کی رہائش گاہ سے سے کچھ دوری پر پولیس نے گرفتار کرلیا۔گیانیش کے خلاف تحریک کا مضبوط چہرہ بنی اے آئی ایس اے لیڈرنیہا بورا کو بھی کناٹ پلیس پہنچنے پردہلی پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق ابھیجیت دیپکے کو گرفتاری سے قبل دہلی پولس انہیں نوٹس ریسیو کرانے آج صبح ان کی رہائش گاہ پہنچی اور اس نوٹس پر انہیں دستخط کرنے کوکہا گیا۔ لیکن دیپکے نے نوٹس ریسیو نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ دستخط نہیں کرینگے اور وہ صرف ترنگا لہرانے کے لئے ہی دہلی آئے ہوئے ہیں ۔ لیکن دوپہر بعد ابھیجیت دیپکے جیسے ہی بازار کی جانب نکلے تو انہیں پولس نے گرفتار کر لیا ۔حالانکہ ابھیجیت پولس سے کہہ رہے تھے وہ اکیلے ہی ہیں ان کے ساتھ باقی لوگ میڈیا اور پریس کے صحافی ہیں۔ ایسے میں دفعہ 163کی کیسے خلاف ورزی ہوئی؟ لیکن پولس نے انہیں بتایا کہ انہیں ابھیجیت کی طرف سے پہلے دئے گئے بانڈ کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا جارہا ہے ۔ پولس نے دیپکے کو گرفتار کر لیا اور کسی نامعلوم مقام کی طرف لےگئی ۔ بتا دیں کہ وزارت داخلہ نے کناٹ پلیس اور جنتر منتر پربی این ایس ایس کی دفعہ 163نافذ کر دی ہے ۔جس کے تحت پانچ لوگ ایک جگہ اکھٹا نہیں ہو سکتے اور اگر اس سے زیادہ پروٹیسٹر اکھٹا ہونگے تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا ۔
اس سے قبل کاکروچ جنتا پارٹی کے دو لیڈروں آشوتوش رانکا اور سوربھ داس کو پولس جنتر منتر پر ترنگا لہرانے کی وجہ سے گرفتار کر چکی ہے ۔یہ دونوں رہنما دہلی کے تہاڑ جیل میں پانچ دن کی عدالتی تحویل میں بند ہیں ۔آج کناٹ پلیس جیسے ہی لوگ پہنچتے رہے ، دہلی پولس ان کو حراست میں لے کر بسوں میں ڈالتی رہی اور انہیں دور دراز نامعلوم مقام پر پہنچا دیا گیا۔
کاکروچ جنتا پارٹی کی اس مہم میں شرکت کرنے والوں نے قومی پرچم لہرا کر یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ ترنگا ہمارا فخر ہے اور اسے لہرانے پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ پولیس نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت انتظامات کیے ہوئے تھے جبکہ مظاہرین نے پرامن طور پر ترنگا لہرانے پر زور دیا۔قابل ذکر ہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی نے دو دن قبل اعلان کیا تھا کہ 16 اکتوبر کی شام پانچ بجے سینٹرل پارک میں ترنگا لہرایا جائے گا اور سبھی نوجوانوں سے وہاں پہنچنے کی اپیل کی تھی۔ پارٹی کا موقف ہے کہ ترنگا لہرانا کوئی جرم نہیں۔
دہلی: کناٹ پلیس کے سینٹرل پارک میں ’لہرا دو ترنگا‘ مہم، ہزاروں لوگوں کی شرکت ،کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی اور آیسا لیڈر نیہا بورا گرفتار















Leave a Reply