Advertisement

راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف احتجاج پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا

نئی دہلی (ایجنسی /ایف ای نیوز )لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے پیر کی شب ایک ویڈیو پیغام میں انڈیا بلاک کے احتجاج اور سپریم کورٹ مارچ میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے عوام ڈرنے والے نہیں ہیں۔راہل گاندھی نے احتجاج میں شامل انڈیا بلاک کے رہنماؤں، کانگریس اور اتحادی جماعتوں کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ ان کروڑوں لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دوپہر تین بجے اپنے اپنے طریقے سے اس تحریک کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پیر کا دن اہم تھا کیونکہ اس احتجاج کے ذریعے حکومت کو یہ پیغام دینا ضروری تھا کہ عوام خوف زدہ نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا، ‘‘آپ ہمیں ماریں، دھمکائیں یا ڈرانے کی کوشش کریں، لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم آپ کی غنڈہ گردی برداشت نہیں کریں گے۔’’کانگریس رہنما نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر بھی تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ وہ لوگ کہاں تھے جن پر دو روز قبل نوجوان ساتھیوں کو پیٹنے کا الزام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ اور عوام احتجاج کے لیے سڑکوں پر تھے تو مخالفین سامنے کیوں نہیں آئے۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ ایسے لوگ صرف اقتدار اور طاقت کے بل پر مقابلہ کرتے ہیں اور سامنے آ کر کھڑے ہونے کی ہمت نہیں رکھتے۔ انہوں نے وزیر اعظم کا ذکر کرتے ہوئے بھی غنڈہ گردی کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ پیر کے احتجاج میں تمام شرکاء نے ایک ٹیم کی طرح کام کیا اور یہ الگ الگ مظاہرے نہیں بلکہ ایک متحدہ تحریک کا حصہ ہیں۔ راہل گاندھی نے واضح کیا کہ وہ آئین کو نقصان پہنچانے اور جمہوریت کو کچلنے والوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے اور ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی حمایت اہمیت رکھتی ہے۔پیغام کے اختتام پر راہل گاندھی نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو ہندوستان کی سوچ، آئین کے نظریات اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر اترے اور کہا کہ انہیں تمام شرکاء پر فخر ہے۔واضح رہے کہ پیر کو انڈیا بلاک کے رہنماؤں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سپریم کورٹ تک مارچ کیا تھا۔ پولیس نے بھگوان داس روڈ پر بیریکیڈنگ کر کے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا تھا۔ اسی روز راہل گاندھی سمیت انڈیا بلاک کے گیارہ رہنماؤں نے خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) اور انتخابی عمل سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی، جسے عدالت کی رجسٹری میں درج کر لیا گیا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے