نئی دہلی /ریاض (ایجنسی ،ایف ای بی )ماضی کی دیرینہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی حرمین شریفین کے غلاف کعبہ کو تبدیل کرنے کے لئے جمعہ کو نیا غلاف کعبہ (کِسوۃ) کلید بردار کعبہ کے حوالے کر دیا گیا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر اور مرکزی حج کمیٹی کے نائب چئیرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے جمعہ کو نیا غلاف کعبہ (کِسوۃ) کلید بردار کعبہ کے حوالے کیا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نیا غلاف کعبہ نئے اسلامی سال کے آغازپریعنی یکم محرم کو تبدیل کیا جانا ہے۔ اس سے قبل کئی دہائیوں سے غلاف کعبہ (کِسوۃ) ہر سال حج کے دوران 9 ذوالحجہ کی صبح کے وقت عازمین حج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا۔سعودی وزیر حج وعمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے امور کے لیے جنرل اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور کلید بردار کعبہ کے نائب عبدالمالک بن طہ الشیبی نے دستاویز پر دستخط کیے۔واضح رہے کہ نئے کسوہ کی اونچائی 14 میٹر ہے۔ اس کی پٹی 95 سینٹی میٹر چوڑی اور 47 میٹر لمبی ہے، یہ 16 پینلز پر مشتمل ہے۔کسوہ کی تیاری میں تقریباً 1000 کلو گرام خام ریشم، 120 کلوگرام سونے کے دھاگے اور 100 کلوگرام چاندی کے دھاگے کا استعمال کیا گیا ہے۔
قرآنی آیات اور عربی خطاطی کو سیاہ ریشم پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے کشیدہ کاری کے ذریعے مزین کیا جاتا ہے جو صدیوں سے کعبہ مشرفہ کی تعظیم سے جڑے عظیم اسلامی ورثے کی عکاسی کرتی ہے۔شاہ عبدالعزیز کسوہ کعبہ کمپلیکس میں غلاف کعبہ ہر سال جدید ٹیکنالوجی اور ماہر سعودی کاریگروں کے ہنر کو یکجا کر کے اعلٰی ترین معیار کے مطابق تیار کیا جاتا ہے۔















Leave a Reply