نئی دہلی /تہران (ایف ای بی /ایجنسی )ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں اتوار کی صبح ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی اطلاع کے بعد ایران نےحملے مزید تیز کرد ئے ہیں ۔اتوار کی دوپہر کے بعد ایران کے اب تک کے شدید حملے میں کویت میں فوجی اڈہ میں تعینات 3امریکی فوجیوں کی موت ہو گئی، جو اس تنازعے میں اولین امریکی فوجی ہلاکتیں ہیں۔ جبکہ اسرائیل کے مرکزی شہر بیت شیمش پر ایرانی میزائل حملے کے بعد کم از کم 9 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے اور کویت میں بھی ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔جبکہ پورے علاقے میں ہونے والی ہڑتالوں میں مزید درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ الجزیرہ نیوز پورٹل پر شائع، امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے ایران کے خلاف فوجی حملوں میں اب تک جو تین امریکی فوجی ہلاک ہو ئے ہیں وہ کویت میں تعنیات تھے۔ کویت ان خلیجی ممالک میں سے ایک ہے جہاں امریکی اڈے قائم ہیں اور ہفتے کے روز امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف بمباری کی مہم شروع کرنے کےبعد یہ ایرانی میزائل حملوں کی زد میں ہے۔ ادھرمیگن ڈیوڈ ایڈوم (ایم ڈی اے) کی ایمرجنسی سروس نے اتوار کو بتایا کہ اس حملے میں 9اسرائیل میں افراد ہلاک اور 28 دیگر زخمی ہوئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔
بی بی سی کی خبر کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں، اسرائیل کی دفاعی افواج نے ایران پر الزام لگایا ہے کہ وہ یروشلم کے مغرب میں بیت شیمش کی طرف براہ راست میزائل داغ رہا ہے، جس سے "معصوم شہریوں کا قتل” ہو رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک عبادت گاہ کو نشانہ بنایا گیا جہاں لوگ فضائی حملوں سے پناہ لیے ہوئے تھے۔عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے- درجنوں امدادی کارکن حملے کے مقام پر ملبے تلے دبے لوگوں کی تلاش کر رہے تھے۔ یہ اسرائیل پر ایران کا اب تک کا سب سے شدید حملہ ہے ۔ پولیس کے مطابق اس حملے کے بعد 11افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل امریکہ کے حملوں میں نہ صرف خامنہ ای بلکہ 40 سے زائد اعلیٰ ایرانی کمانڈرز اور رہنما بھی مارے گئے ہیں۔ٹرمپ نے اتوار کے روز فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکہ اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں 48 ایرانی رہنما مارے گئے ہیں۔ انہوں نے آپریشن کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ توقع سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔اسرائیلی فوج نے اطلاع دی ہے کہ ان حملوں میں اب تک ایران کے آرمی چیف عبدالرحیم موسوی اور وزیر دفاع میجر جنرل عزیز ناصر زادہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں آئی آر جی سی کے اعلیٰ کمانڈر جنرل محمد پاکپور اور کئی سینئر کمانڈر بھی ہیں ۔ ایران کی سپریم ڈیفنس کونسل کے چیئرمین علی شمخانی بھی امریکی اور اسرائیلی حملوں میں مارے گئے۔ ان حملوں میں خامنہ ای کی بیٹی، داماد اور پوتا تینوں شہید ہو گئے۔ ہفتہ کی شب امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر جنگی طیاروں کی مدد سے خامنہ ای کی رہائش گاہر پر 30سے زائد بم برسائے تھے ۔
اس حملے کے جواب میں ایران بھی خلیج کے ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر ایک ایک کر کے حملے کر رہا ہے۔ مغربی ایشیا میں امریکی اتحادیوں کے خلاف میزائل داغے جا رہے ہیں اور ڈرون حملے کیے جا رہے ہیں۔ خامنہ ای کی شہادت ایران کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ ان کی موت کی خبر سے نہ صرف ایران بلکہ ہندوستان سمیت دنیا بھر میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔
ایران کے طاقتور میزائل حملوں میں3امریکی فوجی سمیت 12افراد ہلاک ، 28زخمی














Leave a Reply