سڈنی : (ایجنسیاں)آسٹریلیا کے مشرقی ساحل پر ہفتے کے روز آنے والے شدید طوفان، تیز آندھی اور موسلادھار بارش نے وسیع پیمانے پر تباہی مچا دی۔ سڈنی سے تقریباً 90 کلومیٹر جنوب میں ایک افسوسناک واقعے میں چلتی گاڑی پر درخت گرنے سے ایک خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔ایمرجنسی سروسز کے مطابق مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے سے کچھ دیر قبل اطلاع موصول ہوئی کہ ایک کار پر بھاری درخت کی شاخ آ گری ہے۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی چلانے والی خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ اگلی نشست پر موجود مرد مسافر کو معمولی زخم آئے۔ پچھلی سیٹ پر بیٹھے دو افراد محفوظ رہے۔اسی روز نیو ساؤتھ ویلز میں بھی شدید گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، جس کے باعث شمالی سڈنی میں اچانک سیلاب آ گیا اور سڈنی ایئرپورٹ پر متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ریاستی ایمرجنسی سروس (SES) کے مطابق مختلف علاقوں سے سینکڑوں امدادی کالیں موصول ہوئیں، جبکہ اب تک چار افراد کو سیلابی پانی سے بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔SES کے سپرنٹنڈنٹ میٹ کرربی نے خبردار کیا ہے کہ خراب موسم اتوار تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سیلابی پانی میں گاڑی نہ چلائیں اور درختوں کے نیچے گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کریں، کیونکہ کسی بھی وقت درخت گرنے کا خدشہ ہے۔ تیز اور خطرناک سمندری لہروں کے پیش نظر سڈنی کے متعدد ساحل بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ پولیس نے ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب ریاست وکٹوریہ میں بھی صورتحال تشویشناک ہے۔ گریٹ اوشن روڈ کے اطراف کے علاقوں میں ایمرجنسی سیلاب وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ لارنس کے علاقے میں صرف سات گھنٹوں کے دوران 170 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی، جبکہ سوشل میڈیا پر سیلاب میں بہتی گاڑیوں کی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں۔وکٹوریہ میں جاری جنگلاتی آگ نے بھی حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمشنر ٹم ویبش کے مطابق اب تک 900 سے زائد املاک تباہ ہو چکی ہیں، جن میں تقریباً 260 مکانات شامل ہیں۔ ریاست میں 11 مقامات پر آگ اب بھی بھڑک رہی ہے اور تقریباً 4 لاکھ 10 ہزار ہیکٹر رقبہ متاثر ہو چکا ہے۔
شدید طوفان، تیز آندھی اور موسلادھار بارش نے تباہی مچا ئی ، چلتی گاڑی پر درخت گرنے سے ایک خاتون کی موت












Leave a Reply