Advertisement

امریکہ نے بھارت پر عائد ٹیرف 25 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کیا، ٹرمپ کا اعلان

نئی دہلی :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے لیے ایک بڑی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پر عائد درآمدی ٹیرف 25 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کر دیے گئے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اس فیصلے کا اعلان اپنے ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔ ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ آج ان کی وزیر اعظم مودی سے بات ہوئی، جنہیں انہوں نے اپنا قریبی دوست اور ایک مضبوط رہنما قرار دیا۔صدر ٹرمپ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، یوکرین-روس جنگ سمیت متعدد اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم مودی نے روس سے تیل کی خریداری روکنے اور امریکہ اور وینزویلا سے زیادہ تیل خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔اسی تناظر میں امریکہ اور بھارت کے درمیان ایک تجارتی معاہدہ طے پایا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ’’آج صبح وزیرِ اعظم مودی سے بات کرنا میرے لیے فخر کی بات تھی۔ وہ میرے سب سے قریبی دوستوں میں سے ایک ہیں اور اپنے ملک کے ایک مضبوط اور باوقار رہنما ہیں۔ ہم نے کئی موضوعات پر گفتگو کی، جن میں تجارت اور روس یوکرین جنگ کے خاتمے کا معاملہ بھی شامل تھا‘‘۔ٹرمپ نے مزید لکھا ’’انہوں نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی کہ وہ اب روسی تیل خریدنا بند کریں گے اور اس کی بجائے امریکہ سے، اور ممکنہ طور پر وینزویلا سے بھی زیادہ تیل خریدیں گے۔ اس سے یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی، جس میں ہر ہفتے ہزاروں لوگ مارے جا رہے ہیں!‘‘واضح رہے کہ آج ہی وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی تھی، جس کے کچھ ہی دیر بعد ٹیرف میں کمی کا اعلان کیا گیا جو فوری اثر سے نافذالعمل ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ روس سے خام تیل کی خریداری کے معاملے پر دباؤ ڈالنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بھارت پر اضافی محصولات عائد کیے گئے تھے۔ معاہدے کے تحت امریکہ کی جانب سے عائد جوابی ٹیرف 25 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کر دیے گئے ہیں، جبکہ بھارت نے بھی امریکہ پر عائد تمام محصولات مرحلہ وار ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔صدر ٹرمپ کے مطابق وزیر اعظم مودی نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ بھارت تقریباً 500 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی توانائی، ٹیکنالوجی، زرعی مصنوعات، کوئلہ اور دیگر اشیاء امریکہ سے خریدے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں امریکہ اور بھارت کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔تاہم روس سے خام تیل کی خریداری روکنے کے حوالے سے بھارت کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے