نئی دہلی (ایجنسی/ایف ای نیوز): شمالی ریلوے دہلی میں پل بنگش، پل ڈفرین اور بعد ازاں پل مٹھائی ریلوے اوور برجز (ROBs) کی دوبارہ تعمیر کرے گا۔ تعمیراتی کام کے باعث پرانی دہلی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک طویل عرصے تک متبادل راستوں پر منتقل رہے گا ۔ پل بنگش آر او بی کو 13 اگست 2026 سے 31 اگست 2027 تک مکمل طور پر بند رکھا جائے گا ۔ دہلی ٹریفک پولیس نے اس سلسلے میں ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ دونوں روڈ اوور برجز (ROBs) کو ٹریفک کے لیے غیر محفوظ قرار دیے جانے کے بعد منہدم کر کے دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پہلے مرحلے کے تحت آزاد مارکیٹ سے لالہ ہردیو سہائے مارگ (بولیوارڈ روڈ) کی جانب جانے والا کیریج وے بند کیا جائے گا۔ ویر بندہ بیراگی مارگ اور آزاد مارکیٹ سے آنے والی گاڑیاں آزاد مارکیٹ چوک، ڈی سی ایم چوک، رانی جھانسی فلائی اوور اور تیس ہزاری کے راستے کشمیری گیٹ یا پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن جا سکیں گی۔ اسی طرح پل ڈفرین آر او بی کو 10 ستمبر 2026 سے 31 دسمبر 2027 تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن سے آنے والی گاڑیوں کے لیے اونتیکا بائی چوک، پل مٹھائی، زوراور سنگھ مارگ اور برف خانہ چوک کے راستے متبادل روٹ فراہم کیا گیا ہے۔
اسی طرح موری گیٹ چوک سے ایس پی ایم مارگ جانے والی گاڑیاں گوکھلے روڈ، نکلسن روڈ یا زوراور سنگھ مارگ، لودھین روڈ اور چھتا ریل چوک کے راستے ایس پی ایم مارگ تک پہنچ سکیں گی۔شمالی ریلوے کی جانب سے پلوں کی تعمیر نو کے دوران ٹریفک کو مرحلہ وار متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا، جس کے باعث پرانی دہلی کے علاقوں میں مسافروں کو اضافی وقت اور ٹریفک دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

















Leave a Reply