بلند شہر،(ایف ای بی) :ضلع کانگریس کمیٹی نے ضلع میں ایل پی جی اور کمرشل گیس سلنڈروں کی قلت پر شدید ناراضگی کا اظہار کر تے ہوئے ضلع انتظامیہ سے فوری طور پر گھر یلو ایل پی جی گیس کی ہموار سپلائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔کانگریس کے ضلع صدر ضیاء الرحمن نے کہا کہ بی جے پی حکومت اور ضلع انتظامیہ گیس کا وافر ذخیرہ ہونے کا دعویٰ کر رہی ہے، لیکن زمینی حقیقت بالکل مختلف ہے۔ ضلع بھر کے صارفین گیس سلنڈر کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، کئی مقامات پر گیس صارفین کی لمبی قطاریںلگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے گیس ایجنسی آپریٹرز اپنے فون بند کر چکے ہیں یا کالز کا جواب نہیں دے رہے ہیں جس سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباریوں ، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ کے مالکان کو بھی کمرشل سلنڈر نہ ملنے کی وجہ سے خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔
کانگریس کے ضلع صدر ضیاء الرحمن نے کہا کہ بی جے پی اور مودی حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی اور دور اندیشی کے فقدان کا خمیازہ ملک کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو محض دعوے کرنے کے بجائے زمینی نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی حکام ذاتی طور پر فیلڈ میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیں، گیس ایجنسیوں کے کام کاج کی چھان بین کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع میں گیس کی بآسانی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام لوگوں کو راحت مل سکے۔
حکام گیس سلنڈر کی قلت پرصورتحال کاجائزہ لیں،ضلع کانگریس کمیٹی کا مطالبہ














Leave a Reply