Advertisement

بدایوں میں مسلم افراد کے ساتھ بدسلوکی ،مارپیٹ کا ملزم اکشے گرفتار،جیل بھیجا گیا

نئی دہلی/بدایوں ، (ایجنسی) اترپردیش کے بدایوں ضلع میں مسلم کمیونٹی کے 3افراد کے سا تھ معمولی بات پرہوئی سرعام مارپیٹ ،بدسلوکی اور گالم گلوچ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یوپی پولس نےحملہ کرنے کی دفعات کے تحت معاملہ درج کرلیا ہے ۔ اس معاملے میں ملزم اکشے عرف چھوٹو کو گرفتار کر کے پولس نے جیل بھیج دیا ہے۔پچھلے کچھ گھنٹوں سے سوشل میدیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہا تھا جس میں تین مسلم باریش افراد جو کرتا پاجاماپہنے ہوئے تھے ،کے ساتھ ایک شخص مار پیٹ کررہا ہے اور ان کو دوڑا دوڑا کر پیٹ رہا ہے ۔ یہ ویڈیو بدایوں کے اسلام نگر تھانہ علاقے کے قصبے روداین کا بتایا جاتا ہے۔پولیس نے ملزم کو ایس ڈی ایم کی عدالت میں پیش کیا۔ ایس ڈی ایم نے بدمعاش اکشے عرف چھوٹو کو جیل بھیج دیا ہے۔ اکشے عرف چھوٹو نامی لڑکے پرکرتا پاجاما ،اور ڈاڑھی ٹوپی والے ایک مخصوص کمیونٹی کے افراد کے ساتھ سرعام بدسلوکی اور ان پر حملہ کرنے کا الزام ہے۔ الزام ہے کہ ایک نوجوان نے معمولی بات پر مسلم کمیونٹی کے تین افراد کو مارا پیٹااور غنڈہ گردی دکھائی۔ متاثرین کے مطابق سہسوان کوتوالی علاقہ کے محلہ محی الدین پور کے رہائشی عبدالسلام اپنے ساتھیوں عارف اور جاوید کے ساتھ اسکوٹی پر روداین گئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ رمضان کے پیش نظر وہ زکوٰۃ کی غرض سے گئے تھے اور وہاں ایک نوجوان سے مسلم محلہ اور ہائی وے کا راستہ پوچھا۔ الزام ہے کہ اس پر نوجوان مشتعل ہو گیا اور گالم گلوچ کے ساتھ مارپیٹ شروع کر دی۔ بزرگ جاوید کی ٹوپی اتروائی گئی اور تینوں کو باری باری تھپڑ مارے گئے۔شکایت کے مطابق ملزم نے تقریباً دو سو میٹر تک انہیں دوڑا دوڑا کر پیٹا، بیچ بیچ میں سوالات کرتا اور پھر تشدد کرتا رہا۔ واقعے کے دوران ایک شخص ویڈیو بناتا رہا جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ اکشے کمار نے گالی گلوچ کرتے ہوئے سڑک پر تینوں متاثرین کا پیچھا کیا اور مارا پیٹا۔ سڑک پر اس ہنگامے سے جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی۔ تینوں متاثرین نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئےویڈیو میں ملزم نوجوانوں کو متاثرین پر حملہ کرتے ہوئے اور متاثرہ افراد کوجان بچا کر بھاگتے ہوتے ہوئے ددیکھا جا سکتا ہے۔ دیہی پولیس سپرنٹنڈنٹ ہردیش کتھیریا کے مطابق اکشے کے خلاف حملہ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ چونکہ حملہ کی سزا پانچ سال سے کم ہے، اس لیے ملزم اکشے چھوٹو کو ایس ڈی ایم کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ایس ڈی ایم نے اسے جیل بھیج دیا۔ ملزم بجرنگ دل کا کارکن بتایا جاتا ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے