
مولانا محمود اسعد مدنی
نئی دہلی ،(ایف ای بی /ایجنسی) شمال مشرقی دہلی فسادات 2020 سے متعلق ایک اہم مقدمہ میں دہلی کی ایک عدالت نے 9 افراد کو باعزت بری کر دیا ہے۔ بری کئے گئے افراد میں عام آدمی پارٹی سے سابق کائونسلرطاہر حسین کے بھائی شاہ عالم کا نام بھی شامل ہے ۔یہ مقدمہ، جو فسادات کے دوران متعدد واقعات بشمول ایک انووا کرسٹا پر حملہ، ایک پولیس افسر کی موٹرسائیکل کو جلانا، سڑک پر دکانداروں کی گاڑیوں کو لوٹنا اور تباہ کرنا، توڑ پھوڑ اور ایک ای رکشہ کی چوری اور ایک دکان پر آتش زنی سے متعلق تھا، کی دفعات کے تحت دیالپور پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔
۔30مارچ کو ایڈیشنل سیشن جج جسٹس پروین سنگھ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ استغاثہ کا مقدمہ چند کلیدی گواہوں کے بیانات پر قائم تھا، لیکن ان بیانات میں وقت، مقام اور ملزمین کی شناخت کے حوالے سے نمایاں تضادات پائے گئے جس کی بنیاد پر تمام ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا جاتا ہے۔ عدالت نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ بعض گواہوں نے انووا کرسٹا گاڑی پر حملے اور ’ رائل موٹرز‘کی دکان کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے کے مقام، وقت اور اپنی موجودگی کے بارے میں متضاد، بلکہ بعض مقامات پر گمراہ کن بیانات دیے۔ فاضل جج نے یہاں تک کہا کہ بعض گواہوں نے ان معاملات میںجھوٹی شہادت دی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج جسٹس پروین سنگھ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ دیگر واقعات کے حوالے سے گواہان کی شہادتیں عمومی نوعیت کی ہیں، خاصیت کی کمی ہے اور خاص طور پر اس حقیقت کے پیش نظر کہ ان گواہوں نے انووا کرسٹا کار کے وقوعہ کی جگہ کے ساتھ ساتھ رائل موٹرز کے واقعہ کی تاریخ کے حوالے سے جھوٹی گواہی دی ہے اور اس واقعہ کو دیکھ کر مجھے لگتا ہے کہ ان گواہوں کی شہادتوں پر بھروسہ کرنا غیر محفوظ ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ مقدمہ سال 2020 میں دیال پور تھانے میں درج ایک ایف آئی آر سے متعلق ہے جس میں 24 فروری 2020 کے فسادات
کے دوران چاند باغ علاقے میں پیش آنے والے متعدد واقعات شامل تھے۔ مقدمے میں شاہ عالم، راشد سیفی، محمد شاداب، حبیب، عرفان، سہیل، سلیم عرف آشُو، ارشاد اور اظہر عرف سونو نامزد تھے، جنہیں عدالت نے تمام الزامات سے بری کر دیا۔اس مقدمہ میں ملزمان ارشاد اور حبیب کی قانونی پیروی جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے سینئر وکیل ایڈوکیٹ سلیم ملک نے کی۔ واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ کے وکلا کی ٹیم زیر نگرانی مولانا نیاز احمد فاروقی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند دہلی فسادات سے متعلق 267 ٹرائل مقدمات میں قانونی پیروی کر رہی ہے، جن میں اب تک 125 افراد باعزت بری ہو چکے ہیں ۔ ازیں قبل دہلی فسادات میں ریلیف اور بازآبادکاری کے کاموں کی نگرانی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی انجام دے رہے تھے۔صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا محمود اسعد مدنی نے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وکلاء کی قانونی جدوجہد کو سراہا اور کہا کہ انصاف کی بالادستی کے لیے جمعیۃ علماء ہند اپنی قانونی خدمات جاری رکھے گی۔












Leave a Reply