Advertisement

امریکی حملے میں ہلاک ہندوستانی ملاح شیوانند کی لاش 8 دن بعد وطن پہنچی،گائوں میں غم کا ماحول

نئی دہلی (ایجنسی/ایف ای بی )خلیجِ عمان میں کمرشل بحری جہاز ایم ٹی سیٹے بیلو پر ہونے والے امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے 38 سالہ ہندوستانی نوجوان شیوانند چورسیا کی لاش آٹھ دن بعد بدھ کی شام تقریباً 6 بجے ان کے آبائی گاؤں سرولی (ضلع دیوریا، اتر پردیش) پہنچ گئی۔ ان کی موت کی خبر سے علاقے میں غم کی فضا ہے اور تعزیت کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد ان کے گھر پہنچ گئی ہے ۔ شیوانند کی لاش پہلے ہوائی جہاز کے ذریعے گورکھپور لائی گئی، جہاں سے ایمبولینس کے ذریعے گاؤں منتقل کیا گیا ۔ تاہم اہلِ خانہ نے ابتدا میں لاش کو ایمبولینس سے اتارنے سے انکار کر دیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ ان سے بات کریں اور متوفی کے لیے سرکاری امداد اور مناسب اعزاز کا اعلان کیا جائے۔
اس سے قبل لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے شیوانند چورسیا کی اہلیہ اور ان کے بھائی رام پرویش سے فون پر بات کی۔ راہل گاندھی نے خاندان کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات حکومت تک پہنچائیں گے، حکومت پر دباؤ ڈالیں گے اور مالی امداد کے لیے خط بھی لکھیں گے۔اس وقت شیوانند کے گھر پر کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے کئی رہنما بھی موجود ہیں۔ دوسری جانب، شیوانند کے والد رام جی چورسیا نے ضلع مجسٹریٹ کو ایک یادداشت (میمورنڈم) پیش کی۔ اس میں مطالبہ کیا گیا کہ شیوانند کی اہلیہ کو سرکاری نوکری دی جائے، مرکزی اور اتر پردیش حکومت کی جانب سے ایک ایک کروڑ روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے، ان کے دو بچوں کو بارہویں جماعت تک مفت تعلیم دی جائے اور شیوانند کو شہید کا درجہ دیا جائے۔
اہل خانہ کے احتجاج کے بعد ضلع مجسٹریٹ مدھو سودن ہلگی اور پولیس سپرنٹنڈنٹ موقع پر پہنچے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو ریاستی حکومت تک پہنچایا جائے گا۔ ہلگی نے کہا کہ انتظامیہ لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے شیو آنند کی بیوی اور بچوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ کنبہ نے مالی امداد اور روزگار سمیت کئی مسائل سامنے رکھے ہیں لہذا حکومت سے ان پر غور کرنے کے لیے تحریری درخواست بھیجی جائے گی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے