Advertisement

ایودھیا رام مندر عطیات چوری معاملہ : ایس آئی ٹی نے تفتیشی رپورٹ یوپی حکومت کو سونپی

نئی دہلی (ایجنسی ،ایف ای بی)ایودھیا واقع رام مندر میں نذرانے اور عطیات کی رقم میں مبینہ ہیرا پھیری کےراز سےاب جلد پردہ اٹھ سکتا ہے ۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر قائم خصوصی تفتیشی ٹیم نے اپنی ابتدائی جانچ رپورٹ چیف سیکریٹری (داخلہ) سنجے پرساد کو سونپ دی ہے ۔اس رپورٹ میں چھپے کئی راز سامنے آ سکتے ہیں اور کئی بڑے انکشافات بھی ہو سکتے ہیں ۔ میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق جانچ ایجنسی نے 23 جون کو اپنی ابتدائی جانچ رپورٹ یوپی حکومت کو سونپ دی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ لکھنؤ ڈویزن کے کمشنر اور ایس آئی ٹی سربراہ وجے وشواس پنت نے ٹیم کے دونوں ارکان کے ساتھ ایڈیشنل چیف سکریٹری (داخلہ) کو یہ ابتدائی رپورٹ سونپی ہے۔ میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے پنت نے کہا کہ ہم نے رپورٹ سونپ دی ہے جو ایک ابتدائی رپوٹ ہے اور اس کی تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم کچھ بھی نہیں بتا سکتے ہیں، ہم نے اپنی جانچ کے نتائج انہیں بتا ئے ہیں۔دوسری طرف حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ جانچ کی کارروائی ابھی جاری ہے یعنی یہ حتمی رپورٹ نہیں ہے اور اس معاملے کی جانچ ابھی آگے بھی چلتی رہے گی۔ ایودھیا معاملے کو لے کر ایس آئی ٹی نے گزشتہ دنوں مختلف پہلوؤں کی جانچ، لوگوں سے پوچھ گچھ اور دستاویزات کی تفتیش کی تھی۔ اب ابتدائی رپورٹ انتظامیہ کو سونپے جانے کے بعد اس حساس معاملے میں آگے کی کارروائی پر نظر رہے گی۔در اصل ایودھیا کے رام مندر میں کروڑوں روپے کی مبینہ ہیرا پھیری کی خبروں سے ملک بھر میں سیاسی پارہ چڑھا ہوا ہے ۔اپوزیشن مسلسل مرکزی این ڈی اے حکومت کو نشانہ بنائے ہوئے ہے اور اس پر نہ صرف سوال کھڑے کررہا ہے بلکہ ریاستی یوگی حکومت سے بھی سوال کھڑے کررہا ہے ۔ایسے چو طرفہ مچے گھمسان کے درمیان اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے معاملے کی جانچ کی ذمہ داری خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کو سونپی تھی۔ اس رپورٹ میں گزشتہ دنوں کی گئی تفتیش کی مکمل تفصیلات ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ اب کئی لوگوں کے نام سامنے آ سکتے ہیں اور کئی بڑے انکشاف ہو سکتے ہیںاور کئی بڑی مچھلیاں جال میں پھنس سکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق تقریباً 150 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں تقریباً 150 لوگوں سے کی گئی پوچھ گچھ کی تفصیلات شامل ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایس آئی ٹی نے ایف آئی آر درج کرنے اور مندر ٹرسٹ کی تشکیل نو کی سفارش کی ہے۔ ٹیم نے مندر کے چیف ایگزیکٹیو افسر(سی ای او) کے طور پر ایک سینئر سرکاری افسر کی تقرری اور تفصیلی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی کو اضافی وقت دینے کا بھی مشورہ دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی ٹی نے گزشتہ 5 سالوں میں مندر کو حاصل سبھی عطیات کا آڈٹ کرنے کی سفارش کی ہے۔رپورٹ میں عطیات کی حفاظت کے سلسلے میں مستقبل میں ہونے والی بے ضابطگیوں کو روکنے کے لیے کئی اقدامات کی بھی تجویز کی گئی ہے جن میں ملازمین کی نئی بھرتی اور انتظامی نگرانی کو مضبوط بنانا شامل ہے۔ رپورٹ کے سفارشات پر حتمی فیصلہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کریں گے۔سینئر سرکاری افسر کی تقرری اور تفصیلی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی کو اضافی وقت دینے کا بھی مشورہ دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی ٹی نے گزشتہ 5 سالوں میں مندر کو حاصل سبھی عطیات کا آڈٹ کرنے کی سفارش کی ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے