نئی دہلی/لکھنؤ(ایف ای نیوز) مدرسہ عربیہ ترتیل القرآن، روشن نگر میں یومِ آزادی پورے جوش و خروش، حب الوطنی اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مدرسے کے طلبہ و طالبات نے مختلف پروگرام پیش کیے اور آزادی کی اہمیت، ملک کی ترقی اور قومی اتحاد کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ طلبہ و طالبات نے یومِ آزادی کے ترانے بھی پیش کیے، جس سے پورا پروگرام حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوگیا۔
یومِ آزادی کی تقریب کا آغاز حافظ امیر احمد کی نظامت اور قاری محمد طاہر کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد طلبہ و طالبات نے نعت، قومی ترانے اور تقاریر کے ذریعے ملک سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
مدرسے کے ناظم محمد شمس الضحیٰ پہناوی نے یومِ آزادی کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں اور آزادی کے سپاہیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔ ہمیں اپنے ملک کی سالمیت، امن، بھائی چارے اور ترقی کے لیے ہمیشہ مل جل کر کام کرنا چاہیے۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر آل انڈیا جمعیت القریش کے ضلعی صدر شہزاد قریشی اور قومی سماجی کارکن تنظیم کے کنوینر محمد آفاق نے شرکت کی۔ مہمانوں نے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں نئی نسل کا کردار بے حد اہم ہے۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، محنت، ایمانداری اور انسانی خدمت کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
اس موقع پر مدرسے کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور دیگر معززین بھی موجود رہے۔ تقریب کے اختتام پر ملک میں امن، خوشحالی، ترقی اور باہمی بھائی چارے کے لیے دعا کی گئی۔ پروگرام پُرامن اور خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔

















Leave a Reply