Advertisement

شاہجہاں پورمیں 2 سادھوؤں کا بے رحمی سے قتل

نئی دہلی : (ایجنسی/ایف ای نیوز ) اتر پردیش کے شاہجہاں پور میں واقع شیو مندر کے اندر دو سادھوؤں (راہبوں) کا بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ اس کے بعد، ان کی لاشوں کو مندر کے احاطے میں ہی لکڑیوں کی چتا پر نذرِ آتش کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کی صبح 7 بجے، گاؤں والوں نے مندر سے دھواں اٹھتے دیکھا تو وہ موقع پر پہنچے۔ وہاں پہنچنے پر انہوں نے دیکھا کہ ایک سادھو کی لاش جل رہی تھی، جبکہ دوسرے کی لاش جل کر محض ڈھانچے میں تبدیل ہو چکی تھی۔ دونوں لاشیں ایک دوسرے سے تقریباً 10 میٹر کے فاصلے پر پڑی تھیں۔ یہ واقعہ ضلع ہیڈ کوارٹر سے 70 کلومیٹر دور واقع خدا گنج میں پیش آیا۔سادھوؤں کی شناخت گوپال داس اور بہاری داس کے طور پر ہوئی ہے، دونوں خدا گنج کے سوتھا گاؤں میں واقع اسی مندر میں رہائش پذیر تھے۔این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق شاہجہاں پور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سوربھ دکشت نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا، "صبح تقریباً 7 بجے پولیس کو اطلاع ملی کہ دو سادھوؤں کی جلی ہوئی لاشیں ملی ہیں۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقامی پولیس کے اعلیٰ افسران اور فرانزک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفتیش شروع کی۔”ایس پی نے مزید کہا، "گاؤں کے رہائشی شیو کمار نے شکایت درج کرائی ہے کہ سُمیت نامی ایک مقامی نوجوان حال ہی میں ضمانت پر جیل سے رہا ہوا تھا۔ گزشتہ چند دنوں سے سُمیت ان سادھوؤں کے ساتھ وقت گزارنے لگا تھا۔”موصولہ اطلاعات کے مطابق، اس واقعے میں ہلاک ہونے والے دونوں سادھو مندر کے اندر ہی رہتے تھے۔ ایس پی سوربھ دکشت نے مزید بتایا، "گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اس (سُمیت) نے دونوں سادھوؤں سے وہ جگہ چھوڑنے کو کہا تھا، کیونکہ وہ وہاں رہنا چاہتا تھا اور اس جگہ پر اپنا اختیار قائم کرنا چاہتا تھا۔ اسی تنازعے کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔
شاہجہاں پور کے ایس پی نے مزید کہا، "موقعِ واردات سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ نامزد ملزم سمت کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ مرکزی ملزم سمت کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بارے میں جمع کی گئی معلومات اور شواہد کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔”

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے